وینس اور محسن رضائی کے درمیان ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں: عراقچی

   

تہران ۔ 10 نومبر (ایجنسیز) تہران اور واشنگٹن کے درمیان نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کی سفارتی کوششوں کے تسلسل کے درمیان ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان ملاقات کے امکان کی تردید کی ہے۔عراقچی نے کہا کہ قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکرٹری اور امریکی نائب صدر کے درمیان ملاقات انعقاد کا کوئی منصوبہ موجود نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ نہ عسکری کارروائی سے ختم ہوگی اور نہ ہی پابندیوں سے۔ ان کا ماننا تھا کہ حل صرف سفارت کاری اور ان کے ملک کی شرائط پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ وقت نہیں لگے گا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو یہ احساس ہو جائے کہ انہوں نے اقتصادی دباؤ کا غلط راستہ اختیار کیا ہے۔ انہیں احترام کی زبان استعمال کرنی چاہیے اور ہمارے مطالبات کو تسلیم کرنا چاہیے۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب قطر نے امریکی اور ایرانی فریقین کے درمیان نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کیلئے اپنی سفارتی کوششیں دوبارہ شروع کی ہیں۔ جہاں قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے کل وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور ٹرمپ نیز وینس سے ملاقات کی، اور ان بات چیت کو مثبت قرار دیا۔یہ بیانات ایک امریکی اہلکار کے اس انکشاف کے کچھ دنوں بعد بھی سامنے آئے ہیں جس میں واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بتایا گیا تھا کہ وینس نے ثالثوں کے ذریعہ رضائی کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں انہوں نے جنگ کے خاتمے کیلئے ان سے ذاتی طور پر ملنے کی آمادگی ظاہر کی تھی۔وینس نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ تہران کو ایسے نمائندے پیش کرنے چاہئیں جو جوہری مسائل پر مذاکرات کے مجاز ہوں۔جبکہ باخبر ذرائع نے کل پیر کے روز العربیہ/الحدث کو ایک نئی امریکی قطری تجویز کے بارے میں انکشاف کیا، جس میں باب المندب اور آبنائے ہرمز کو کھولنا اور ایرانی بندرگاہوں سے امریکی محاصرہ فوری طور پر اٹھانا شامل ہے۔ اس تجویز میں معاہدے تک پہنچنے کی صورت میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے انسپکٹرز کی ایران واپسی اور 6 سے 9 ارب ڈالر کے درمیان ایرانی اثاثوں کو واگزار کرنا بھی شامل ہے۔