حیدرآباد۔27۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے آندھراپردیش کے سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ کے اہم ملزم سنیل یادو کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے ۔ عدالت نے سنیل یادو کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے سی بی آئی اور وائی ایس سنیتا کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں پر غور کرنے سے اتفاق کیا۔ سی بی آئی اور وائی ایس سنیتا نے مقدمہ میں فریق بنانے کی درخواست کی ہے۔ سنیل کی جانب سے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دفعہ 21 کے تحت ان کے مؤکل کی شخصی آزادی کو سلب کرلیا گیا ہے ۔ سی بی آئی کی جانب سے چارج شیٹ داخل کئے جانے کے باوجود ملزم کو جیل میں رکھا گیا جس کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ سنیل یادو نے تحقیقات کے معاملہ میں سی بی آئی سے مکمل تعاون کیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے دعوی کیا کہ قتل معاملہ سے ان کے مؤکل کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ قتل معاملہ کی جانچ آخری مراحل میں ہے ، ایسے میں ملزم کو ضمانت کی منظوری سے تحقیقات پر اثر پڑسکتا ہے۔ ضمانت کی منظوری کی صورت میں گواہوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جائے گی ۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ میں سی بی آئی کے استدلال سے اتفاق کیا اور سنیل یادو کی درخواست کو مسترد کردیا۔ر