ویڈیو کان کے اثاثہ جات کو ہراج کرنے کا فیصلہ

   

Ferty9 Clinic

کمپنی سے ایس بی آئی کو 60 ہزار کروڑ روپئے واجب الادا
حیدرآباد۔7اگسٹ(سیاست نیوز) اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے ویڈیوکان کمپنی کی جانب سے حاصل کئے گئے قرض کے حصول کے لئے ویڈیوکان کے اثاثہ جات کے ہراج کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایاجاتا جاتا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو ویڈیوکان کمپنی سے 60ہزار کروڑ وصول طلب ہیں اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے اس قرض کی وصولی کیلئے ویڈیوکان کمپنی کے تیل اور گیاس کے ذخائر کو ہراج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیوکان کمپنی کے تیل اور گیاس کے ذخائر ہندستان کے علاوہ برازیل اور انڈونیشیا میں موجود ہیں جن کے ہراج کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور دیگر مالیاتی اداروں کو جملہ بقایاجات کی ادائیگی کی وصولی کیلئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے تیل اور گیاس کے ذخائر کو ہراج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقومات کے ذریعہ مالیاتی اداروں کے قرض ادا کئے جائیں گے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں ہندستان کے علاوہ بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی بولی دہندگان میں شامل ہونے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے اور توقع ہے کہ تیل اور گیاس کے ان ذخائر کی خریدی کیلئے عالمی سطح کے سرمایہ کاروں کی جانب سے بولی لگائی جائے گی اور ان بولی دہندگان میںعالمی سرمایہ کاری کا اختیار رکھنے والی کوئی بھی کمپنی حصہ لے سکتی ہے۔ ویڈیوکان کمپنی کے اثاثہ جات کی نیلامی کے ذریعہ قرض کی وصولی کے فیصلہ سے کمپنی کی موجودہ حالت کا اندازہ لگایا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ کمپنی کے اثاثہ جات جو قرق کئے جا چکے ہیں ان کے ہراج کی بنیادی وجہ قرض کی عدم ادائیگی ہے۔