ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی ہندو فریق کو سونپی گئی

,

   

گیان واپی مسجد معاملہ :سروے کی کاپی کا غلط استعمال یا افشا نہیں کریں گے ، مدعی کا حلف نامہ
وارانسی: وارانسی کی ضلع عدالت نے گیان واپی مسجد احاطے کی ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی ہندو فریق کے مدعین کو سونپنے کا حکم دیا ہے۔مدعین نے ایک حلف نامہ کے ذریعہ تیقن دیا ہے کہ ویڈیو گرافی سروے کی کاپی کا غلط استعمال یا اسے افشا نہیں کریں گے۔ مدعین نے طے شدہ فیس کی ادائیگی کے بعد ویڈیو سروے کی سی ڈی حاصل کرلی ہے۔ڈسٹرکٹ جج اجئے کرشن وشویش کی عدالت میں ہندو فریق نے ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی انہیں فراہم کئے جانے کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے مدعین سے ویڈیو گرافی کو لیک نہ کرنے کا حلف لیا جس کے بعد مدعین نے اس حوالے سے حلف نامہ داخل کیا۔قابل ذکر ہے کہ گیان واپی احاطے کی ویڈیو گرافی سروے دو مراحل میں منعقد ہوا تھا۔ اس کی رپورٹ دونوں فریقین کو دی گئی تھی۔ اور ان کی جانب سے اس پر اعتراضات طلب کئے گئے تھے۔ ہندو۔فریق ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی اور فوٹو گراف کا مطالبہ کررہا تھا۔اس سے قبل ڈسٹرک کورٹ عدالت نے ہندو فریق کی جانب سے دائر عرضی کے جواز پر سماعت کرتے ہوئے اگلی سماعت کی تاریخ 4جولائی طے کی ہے۔ مسلم فریق نے کوڈ آف سول پروسیزر کے آرڈر 7وصول 11کے تحت عرضی پرسماعت نہ کرنے کی دلیل دی ہے۔ عدالت موسم گرما کی چھٹی کے بعد 4 جولائی کو معاملے کی دوبارہ سماعت کرے گی۔

گیان واپی میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی ، 8جولائی کو سماعت
وارانسی:گیان واپی مسجد احاطے میں پائے گئے مبینہ شیولنگ کی پوجا کی اجازت دینے اور احاطے میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسے ہندوؤں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فاسٹ ٹریک کورٹ نے اگلی سماعت کی تاریخ 8جولائی طے کی ہے۔اس سے قبل فاسٹ ٹریک کورٹ آف سیول جج(سینئر ڈویژن) مہیند کمار پانڈے نے عرضی پر سماعت کی اور4 بجے تک اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ سماعت کے دوران مدعی علیہ کے وکیل ابھئے ناتھ یادو عرضی کی ایک کاپی طلب کی۔قابل ذکر ہے کہ پہلے یہ عرضی 24مئی کو سیول جج کورٹ(سینئر ڈویژن) روی کمار دیواکر کی عدالت میں داخل کی گئی تھی جہاں سے انہوں نے 25مئی کو اسے فاسٹ ٹریک کورٹ منتقل کردیا تھا۔یہ عرضی وشو ویدک سنستھان سنگھ کے جنرل سکریٹری کرن سنگھ نے داخل کی ہے۔