ویکسین نہ لگوانے والے افراد سے خطرہ ، بائیڈن کا انتباہ

   

واشنگٹن : امریکہ کی دس ریاستوں میں کوروناکیسز میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر صدر جو بائیڈن نے منگل کو خبر دار کیا ہے کہ لاکھوں امریکی ایسے ہیں جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی ہے اور ان کی وجہ سے وہ تمام علاقے خطرے سے دو چار ہیں جہاں یہ افراد رہائش پزیر ہیں۔اپنے نشریاتی پیغام میں صدر بائیڈن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناوائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائیں۔امریکی صدر نے کہا کہ کوروناوائرس کی قسم ’ڈیلٹا‘ تیزی سے پھیلنے والی اور ممکنہ طور پر زیادہ خطرناک ہے اور یہ ویرینٹ ملک کے متعدد حصوں سے سامنے آنے والے کیسز میں سے نصف کیسز کا ذمہ دار ہے۔ان کے بقول بالخصوص ریاست کینساس اور میزوری میں کوروناکے ڈیلٹا ویرینٹ کے سبب انفیکشن کی شرح میں دوہرے ہندسے کے ساتھ اضافہ سامنے آ رہا ہے۔وائس آف امریکہ کے نمائندہ اسٹیون ہرمین کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے منگل کو وائٹ ہاؤس سے خطاب کے دوران کہا کہ کوروناکی ویکسین نہ لگوانے والوں میں وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کوروناریسپانس ٹیموں کو متحرک کر رہی ہے جس میں وہ فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی، صحت عامہ کے نگراں ادارے یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن اور دیگر ایجنسیوں کے ماہرین کے ساتھ اسٹاف میں اضافہ کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیمیں ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کو روکنے، اس کی تشخیص کرنے اور اس کے خلاف اقدامات کرنے میں ریاستوں کو مدد فراہم کریں گی اور ایسے علاقوں میں کام کریں گی جہاں ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد کم ہے۔صدر نے متنبہہ کیا ہے کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھ سکتے۔
صدر بائیڈن کی تقریر سے قبل امریکی سینیٹ میں حزبِ اختلاف کے رہنما مچ میکانل نے ریاست کینٹکی میں اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ ویکسین نہ لگوانے کی کوئی خاص وجہ موجود نہیں ہے۔مچ میکانل نے ویکسین پر شبہات رکھنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ویکسن اگر چہ اس بات کی ضمانت نہیں دیتی کہ اسے لگوانے والے کو کورونالاحق نہیں ہو گا تاہم یہ اس بات کی تقریباً مکمل ضمانت دیتی ہے کہ اگر آپ ویکسن لگوا لیں گے تو اس کے بعد اگر کوروناہو بھی گیا تو اس سے آپ کی موت واقع نہیں ہو گی۔