ویکسین پالیسی ’ناقص‘ ممتا کا مودی کو مکتوب

   

۔24 فروری کے مکتوب کی یاد دہانی، مرکز کے جواب کا ہنوز انتظار
کولکاتا : مرکزی حکومت کی جانب سے ’آفاقی‘ کوویڈ ویکسین پالیسی کے اعلان کے ایک روز بعد چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ویکسین پالیسی کو کھوکھلی قرار دیا جس میں ٹھوس بات کچھ نہیں اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بحران کے وقت میں مرکز کی جانب سے ذمہ داری سے فرار کا اظہار ہورہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب میں ممتا بنرجی نے کہاکہ اِس اعلان سے بڑے مسائل کی یکسوئی نہیں ہوتی ہے ۔ یہ باتیں بدستور مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ویکسین کی قیمت بھی بڑا مسئلہ بن کر اُبھری ہے جس کا تمام ریاستوں کو سامنا ہے۔ ایسا اندیشہ ہے کہ معلنہ پالیسی کے نتیجہ میں مارکٹ میں ناقص میکانزم اُبھر آئے گا۔ من مانی قیمتوں پر ویکسین فروخت کی جانے لگے گی۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم کو اپنے مکتوب مورخہ 24 فروری کی یاددہانی کرائی اور کہاکہ اُنھوں نے پہلے ہی توجہ دلائی تھی کہ ویکسین کی خریداری کے معاملہ میں ریاستوں سے تعاون کیا جائے۔ نیز عوام کو فری ویکسین دینے کا عمل یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیاکہ مرکز سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔