ویکسین کی تیاری ملک کے سائنسدانوں کا قابل فخرکارنامہ

,

   

ٹیکہ اندازی مہم کے آغاز کے باوجود کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کریں: گورنر تلنگانہ
حیدرآباد : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا ویکسین دستیاب ہوجانا قابل فخر ہے۔ وزیراعظم مودی کی ہدایت کا احترام کرتے ہوئے وہ ویکسین نہیں لے رہی ہیں۔ پہلے فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکہ دینے کے بعد وہ بھی عوام کے ساتھ ٹیکہ لیں گی۔ نمس ہاسپٹل میں کورونا ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لیا۔ گورنر نے کورونا بحران کے دوران دن رات کام کرنے والے فرنٹ لائن ورکرس سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے چیلنجس سے نمٹنے کیلئے ہندوستان نے ویکسین کیلئے کسی دوسرے ملک پر انحصار نہیں کیا بلکہ ہمارے سائنسدانوں نے نہ صرف ہندوستان کیلئے بلکہ دوسرے ممالک کیلئے بھی ٹیکہ تیار کیا ہے۔ اس معاملے میں سائنسداں قابل مبارکباد ہیں۔ گورنر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ویکسین کی تیاری کا جائزہ لینے حیدرآباد پہنچے تھے۔ اس دورہ میں انہوں نے سائنسدانوں کی مکمل حوصلہ افزائی کی ہے جس کا نتیجہ ہیکہ ہندوستان ٹیکہ بنانے کے معاملے میں خودمختار ہونے کا دنیا کو ثبوت دیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ٹیکہ اندازی مہم کیلئے ریاستی حکومت نے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے۔ ریاست کے 140 مراکز سے ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ آج پہلے دن ہر سنٹر سے 30 افراد کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ کورونا کا دوسرا ٹیکہ 28 دن بعد دیا جائے گا۔ ٹیکہ بالکل محفوظ ہے۔ افوہوں پر توجہ نہ دینے کا عوام کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ ہیلت ورکرس میں بھی شکوک ہے۔ اس سے ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ٹیکہ پوری طرح محفوظ ہیں۔ گورنر نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ ٹیکہ کے دستیاب ہوجانے کے بعد ہرگز لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ کوویڈ۔19 کے جو رہنمایانہ خطوط ہے، اس پر سختی سے عمل آوری کریں۔