ویکسین کی کمی ، نوجوانوں کی ٹیکہ اندازی روک دی گئی:کجریوال

   

نئی دہلی : چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال نے کہاکہ مرکزی حکومت سے ویکسین نہیں ملنے اور دی گئی ویکسین ختم ہونے کی وجہ سے دہلی حکومت کونوجوانوں کا ویکسینیشن بند کرنا پڑرہا ہے ۔ کیجریوال نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ویکسین ختم ہونے کی وجہ سے ہمیں ویکسینیشن سنٹر بند کرنے کا بہت افسوس ہے ۔ مرکز سے جیسے ہی ویکسین ملے گی سنٹر دوبارہ شروع ہوجائیں گے ۔ انہوں نے ملک میں ویکسین کی دستیابی فوری طورپر بڑھانے کیلئے مرکزی حکومت کو چار مشورے دیئے ۔ مرکزی حکومت بھارت بائیوٹیک سے فارمولہ لیکر ویکسین بنانے والی دوسری کمپنیوں کو دے اور فوری طورپر انہیں تیاری شروع کرنے کی ہدایت دے ،غیرملکی ویکسین کے ہندوستان میں استعمال کی اجازت دی جائے اور ریاستوں کی جگہ مرکزی حکومت خود غیرملکی کمپنیوں سے ویکسین خریدے ، جن ممالک نے اپنی آبادی سے زیادہ ویکسین جمع کررکھی ہے ، مرکزی حکومت ان سے دینے کی درخواست کرے اور غیرملکی کمپنیوں کو بھی ہند وستان میں ویکسین بنانے کی اجازت دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ دہلی میں تین مہینے میں تمام کا ویکسینیشن کرنے کے لئے ہر مہینہ 80لاکھ ویکسین کی ضرورت ہے لیکن مرکز نے دہلی کا جون کا کوٹہ کم کرکے 8لاکھ ڈوز کردیا ہے ۔