بھوپال۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کے تحت 16.95 لاکھ ٹیکے لگاکر مدھیہ پردیش ملک میں پہلے نمبرپر ہے ۔ چوہان نے آج وزراء کونسل کی میٹنگ میں وزراء سے خطاب کرنے کے بعد ٹویٹ کیا ‘مدھیہ پردیش میں ویکسینیشن مہم کے پہلے روز 16.95 لاکھ ٹیکے لگاکر مدھیہ پردیش ملک میں پہلے نمبرپر ہے ۔ وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعہ مرکزی حکومت کی جانب سے ہرہندوستانی کے کووڈ -19 کے مفت ٹیکہ کاری کے فیصلہ کے لئے ریاست کے 8 کروڑعوام دلی شکریہ اداکرتے ہیں۔ چوہان نے سلسلے وارٹویٹ کے ذریعہ کہا ہے ‘ٹیکہ کاری مہم کا کام ابھی ختم نہیں ہوا ہے ، کام تو ابھی شروع ہوا ہے ۔ ہماراہدف یہ ہے کہ کووڈ 19 کی تیسری لہر آنے سے قبل ہم اپنے بیشتر عوام کو ویکسین لگادیں۔ یہ زندگی کو محفوظ رکھنے کی مہم ہے ۔ ویکسینیشن مہم پوری طاقت سے چلائی جائے گی۔ مدھیہ پردیش کے عوام، وزراء، عوامی نمائندوں، کارکنان، رضاکار اورسماجی تنظیموں کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے ٹیکہ کاری مہم میں تعاون کیا۔