ٹالی ووڈ کی نمائندہ شخصیتوں نے چیف منسٹر جگن سے ملاقات کی

   

ٹکٹ کی شرحوں اور دیگر رعایتوں پر بات چیت ، عنقریب احکامات جاری کرنے حکومت کا اتفاق
حیدرآباد۔10 ۔ فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں تلگو فلم انڈسٹری کے مسائل پر ٹالی ووڈ کی نمائندہ شخصیتوں نے آج چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی۔ میگا اسٹار چرنجیوی کی قیادت میں فلمی ستاروں ، پروڈیوسرس ، ڈائرکٹرس اور ڈسٹری بیوٹرس کا نمائندہ وفد بیگم پیٹ ایرپورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ گناورم پہنچا ۔ سڑک کے راستہ چیف منسٹر کے کیمپ آفس پہنچے جہاں تلگو فلم انڈسٹری کے 17 مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ چرنجیوی کے علاوہ مہیش بابو ، پربھاس ، راجہ مولی ، علی ، کے شیوا ، پی کرشنا مرلی ، آر نارائن مورتی، نرنجن ریڈی اور دیگر فلمی شخصیتیں جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھیں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چرنجیوی نے کہا کہ تلگو فلم انڈسٹری کیلئے عنقریب اچھی خبر آئے گی ۔ چیف منسٹر سے ملاقات ثمر آور ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اورکہا کہ تلگو فلم انڈسٹری کو بچانے کیلئے چیف منسٹر نے مختلف مراعات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک سرکاری احکامات کے ذریعہ مراعات کا اعلان کیا جائے گا۔ سینما تھیٹرس کی شرح میں کمی کے علاوہ تھیٹرس میں پانچ شو چلانے کی اجازت سے متعلق امور پر جگن موہن ریڈی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ وزیر سینماٹوگرافی پی نانی نے کہا کہ حکومت تلگو فلم انڈسٹری کے ساتھ ہمدردانہ رویہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی ریاست کی ترقی سے مربوط ہے۔ سوپر اسٹار مہیش بابو نے کہا کہ آئندہ 10 دنوں میں فلم انڈسٹری کیلئے خوش خبری آسکتی ہے۔ چیف منسٹر کے ساتھ ہماری ملاقات اچھی رہی۔ میں حکومت سے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ راجہ مولی نے فلمی شخصیتوں کے ساتھ چیف منسٹر کی ملاقات کا اہتمام کرنے پر چرنجیوی کی ستائش کی ۔ پربھاس نے کہا کہ چیف منسٹر نے مسائل کی ہمدردانہ سماعت کی ہے۔ چھوٹی اور بڑی بجٹ کی فلموں کیلئے حکومت کی جانب سے جلد ہی رعایتوں کا اعلان کیا جائے گا ۔ر