چینائی ؍ کولکاتا۔ 22 اپریل (ایجنسیز) ٹاملناڈو اسمبلی کیلئے جمعرات 23 اپریل کو ایک مرحلہ میں رائے دہی ہوگی جبکہ مغربی بنگال اسمبلی الیکشن کے تحت کل پہلے مرحلہ کی پولنگ مقرر ہے۔ مغربی بنگال میں 16 اضلاع میں محیط 152 سیٹوں کیلئے جمعرات کو ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں 1478 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ ٹاملناڈو کی 234 رکنی اسمبلی کیلئے برسراقتدار ڈی ایم کے اور کانگریس پر مشتمل یو پی اے اتحاد کو بی جے پی اور دیگر جماعتوں پر مشتمل این ڈی اے سے مقابلہ درپیش ہے جبکہ فلمسٹار وجئے کی نئی پارٹی بھی انتخابی مقابلہ میں ہے۔ اس طرح جنوبی ریاست میں سہ رخی مقابلہ کی توقع ہے۔ مغربی بنگال میں چیف منسٹر ممتابنرجی کی ترنمول کانگریس کو بی جے پی سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔ ممتابنرجی لگاتار تین میعاد مکمل کرچکی ہیں۔ مرکز کی این ڈی اے حکومت بنگال میں ٹی ایم سی کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ مغربی بنگال میں اسمبلی کی 294 نشستیں ہیں۔ موجودہ طور پر ترنمول کانگریس اور اتحادی پارٹیوں کی معقول اکثریت ہے جبکہ اپوزیشن بی جے پی کے پاس 77 سیٹیں ہیں۔ سادہ اکثریت 148 ہے۔