انا ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے کے امیدواروں کے نام کا اعلان
چینائی 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انا ڈی ایم کے نے لوک سبھا کے سابق ڈپٹی اسپیکر ایم تھیمبی دورائی اور ایک دوسرے سینئر لیڈر کے پی منو سامی کو ٹاملناڈو سے راجیہ سبھا کے دو سالہ میعاد کے لئے 26 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ حکمراں جماعت نے اپنی حلیف ٹامل مانیلا کانگریس کو ایک نشست دی ہے اور اس کے صدر جی کے واستو امیدوار ہوں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور انا ڈی ایم کے کے کوآرڈی نیٹر اور پنیرا سلون چیف منسٹر اور معاون رابطہ کار کے پلانی سوامی نے تھمبی دورائی اور منو سامی کو اپنی پارٹی کا امیدوار بنانے تیسری نشست ٹامل مانیلا کانگریس کو دینے کا اعلان کیا۔ راجیہ سبھا کے چھ ارکان 2 اپریل کو میعاد کی تکمیل کے بعد رکنیت سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ ڈی ایم کے بھی اپنے موجودہ رکن کے بشمول تین امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ توقع ہے کہ تمام چھ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوں گے۔