چینائی ۔ 30 نومبر (ایجنسیز) ٹاملناڈو کے ضلع سیواگنگا کے کمّنگوڈی کے قریب اتوار کی شام دو سرکاری بسوں میں خوفناک تصادم کے نتیجہ میں 11 افراد ہلاک اور60 مسافر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ پلیارپٹی سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور تیروپتور علاقہ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق موقع پر عوام اور دیگر مسافروں نے فوری ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے کئی زخمیوں کو بْری طرح تباہ شدہ گاڑیوں سے نکالا۔ ایک بس تِرْوپور سے کارائیکوڈی جبکہ دوسری کارائیکوڈی سے ڈِنڈیگل کی سمت جا رہی تھی۔حادثہ کی تصاویر میں ایک بس کی ڈرائیور سائیڈ پوری طرح متاثر ہوگئی جبکہ ویڈیوز میں کئی نعشیں زمین پر پڑی دیکھی گئیں۔ ایک خاتون کو ٹوٹی ہوئی ونڈ اسکرین سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ایک دوسری خاتون زخمی حالت میں خون بہتے ہوئے زمین پر بیٹھی تھی۔ایمرجنسی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری قریبی ہاسپٹل منتقل کیا۔ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ حادثہ کی اصل وجہ اور متاثرین کی تازہ حالت کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔جنوبی ٹاملناڈو میں ایک ہفتے کے اندر آمنے سامنے بسوں کے تصادم کا یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے۔ گزشتہ ہفتے ٹینکاسی ضلع میں دو پرائیویٹ بسوں کی ٹکر سے چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کی وجہ تیز رفتار اور لاپرواہ ڈرائیونگ بتائی گئی تھی۔