ٹاملناڈو میں سی اے اے کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج ریاستی اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا مطالبہ

   

چینائی۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چینائی کے چیپاک میں سی اے اے کے خلاف ہزاروں مظاہرین جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی، جمع ہوئے جبکہ پوری ریاست تملناڈو میں یوںبھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ چیپاک میں جس احتجاج کو منظم کیا گیا، اس کے لئے تمام مسلم تنظیموں نے زور دیا تھا کہ اس نوعیت کا موثر احتجاج منظم کیا جانا ضروری ہے۔ تمام احتجاجیوں کے ہاتھ میں این آر سی، سی اے اے اور این پی آر کے خلاف پلے کارڈس موجود تھے جبکہ ساتھ ہی ساتھ ترنگا پرچم بھی لہرایا جارہا تھا۔ احتجاجی چیپاک کے پاس پہنچ کر تملناڈو اسمبلی تک پہنچنا چاہتے تھے جو ریاستی سیکریٹریٹ کے اندر واقع ہے۔ انہوں نے وہاں پہنچ کر بھی شہریت (ترمیمی) قانون کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ اس احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں مسلم خواتین بھی شامل تھیں۔ مسلم تنظیموں نے ریاستی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سیاہ قانون کے خلاف قرارداد منظور کرے جیسا کہ کیرالا میں کیا جاچکا ہے۔ تملناڈو اسمبلی کا سیشن جاری ہے اور احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ جاریہ سیشن کے دوران ہی بغیر کسی تاخیر کے سیاہ قانون کے خلاف قرارداد منظور کی جائے۔