ٹاملناڈو کی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ، 8 کی موت

   

مزدوروںکے پرخچے اڑ گئے‘ تین زخمیوںکی حالت تشویشناک

شیوکاسی : ٹاملناڈو کے شیوکاسی میں جمعرات کو پٹاخے کی فیکٹری میں دھماکے میں پانچ خواتین سمیت آٹھ مزدوروں کی موت ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ یہ واقعہ ملک کے پٹاخوں کے مرکز کے طور پر مشہور شہر شیوکاسی میں پیش آیا ہے۔ویرودھونگر ضلع کے شیوکاسی کے پاس سینگامالا پٹی میں واقع ایک پرائیویٹ پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ پولیس اور فائر سروس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کے وقت پٹاخہ فیکٹری میں تقریباً 10 ملازمین موجود تھے۔ غور طلب ہے کہ فروری میں ویرودھونگر ضلع میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں دھماکے میں چار خواتین سمیت 10 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ چیف منسٹر ٹاملناڈوٰ ایم کے اسٹالن نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلع حکام کو مناسب طبی امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کی جان بچانے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سات کمرے جہاں پٹاخے رکھے گئے تھے پوری طرح جل گئے۔ پٹاخہ فیکٹری کے پاس لائسنس موجود ہے۔