ٹرانسپورٹ کنٹراکٹ دلانے کے نام دھوکہ دینے والا شخص گرفتار

   

حیدرآباد۔/29 فبروری، ( سیاست نیوز) ایر پورٹ میں ٹرانسپورٹ کا کنٹراکٹ دلانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے غبن کرنے والے ایک شخص کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ایک شکایت گذار شخص کی شکایت کے بعد یہ کارروائی کرتے ہوئے 43 سالہ ڈی ناگیشور راؤ ساکن چنتل متوطن ویسٹ گوداوری کو گرفتار کرلیا۔ اس نے شکایت گذار شخص سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے 4 لاریوں کو 5 سال تک ٹرانسپورٹ کا کنٹراکٹ دلانے کا جھانسہ دیا اور اس شخص کو ماہانہ معقول آمدنی کا لالچ دیا۔ دونوں کی رضامندی کے بعد دھوکہ باز نے یادداشت مفاہمت اور دیگر مراحل کے لئے کاغذات کی تیاری کے لئے 2 لاکھ 8 ہزار روپئے حاصل کئے اور جیسے ہی رقم اکاؤنٹ میں آئی اس نے رابطہ بند کردیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران پتہ چلایا کہ اس نے منی ٹرک کے نام پر دوسرے شخص کو 4 سال کا کنٹراکٹ دلانے کا جھانسہ دے کر دھوکہ دیا تھا۔ پولیس نے اسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔