نئی دہلی: ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو بہتر صحت اور طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت نے چہارشنبہکو یہاں نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے ساتھ یہاں مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے جس کے تحت ٹرانس جینڈر افراد کو آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کا فائدہ مل سکے گا۔ اس موقع پر سماجی انصاف اور تفویض اختیار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ویرندر کمار اور صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا بھی موجود تھے ۔اس معاہدے کے ساتھ، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو اب 1,720 سے زیادہ صحت اور طبی سہولیات مفت حاصل ہوسکے گی۔ اس میں خاص طور پر ٹرانس جینڈرز کے لیے 50 سرجری بھی شامل ہیں۔ آیوشمان بھارت یوجناکے تحت پہلے صحت اور طبی سہولیات صرف غریب خاندانوں کو دستیاب تھی لیکن اس معاہدے کے بعد اب ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو بھی اس اسکیم میں شامل کیا گیا ہے ۔