ٹرانس جینڈر بیوی کی دست درازی پر اعتراض، ایک شخص کا قتل

   


حیدرآباد۔/5 جنوری، ( سیاست نیوز) ٹرانس جینڈر بیوی کی دست درازی پر اعتراض ایک شخص کے قتل کا سبب بن گیا۔ یہ سنسنی خیز قتل کی واردات نارسنگی پولیس حدود میں پیش آئی جہاں کشور ریڈی کا قتل کردیا گیا۔ پولیس نے اطلاع کے فوری بعد مقام واردات پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور قاتلوں کی شناخت کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی واردات منچی ریولہ علاقہ میں پیش آئی۔ کرن سنگھ نامی شخص نے کشور ریڈی پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔کرن سنگھ اور اس کے ساتھی نے کشور ریڈی کی بیوی نہاریکا عرف نریش سے دست درازی کی تھی اور نہاریکا جو زنخہ بتایا گیا ہے اس کے گلے پر چاقو رکھتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی کوشش کی تھی۔ اس دوران نہاریکا پولیس پٹرول گاڑی کی گشت کی وجہ سے بچ گئی تھی اور اس نے کشور ریڈی کو فون کرتے ہوئے سارے واقعہ کی تفصیل بتائی۔ کشور ریڈی اپنے ساتھی شیوراج کے ہمراہ پہنچا اور تینوں نے خاطیوں کی تلاش شروع کردی۔ کشور ریڈی نے کرن سنگھ سے نہاریکا کے ساتھ بدسلوکی کی وجہ دریافت کی اور کرن سنگھ نے کشورریڈی پر چاقو سے حملہ کردیا۔ اس نے شیوراج پر بھی حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں کشور ریڈی فوت ہوگیا اور شیوراج شدید زخمی بتایا گیا ہے۔ پولیس نارسنگی قاتلوں کو تلاش کررہی ہے۔ع