واشنگٹن ۔ 9 جون (ایجنسیز) امریکہ کے وفاقی جج نے اعلیٰ سطح کے غیرملکی ملازمین کو جاری کیے جانیوالے H1B ویزا سے متعلق صدر ٹرمپ کی پالیسی رد کردی۔ صدر ٹرمپ نے H1B ویزا کی درخواست پر ایک لاکھ ڈالر فیس جمع کرانے کی شرط عائد کی تھی، تاہم امریکہ کے وفاقی ڈسٹرکٹ جج لیو سوروکین نے اسے غیرقانونی قرار دیدیا۔ کیلی فورنیا سمیت امریکہ کی بیس ریاستوں نے ستمبر میں اعلان کردہ صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو چیلنج کیا تھا۔ جج نے فیصلے میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس معاملہ پر کانگریس کی منظوری لیے بغیر اقدام کرکے اختیارات سے تجاوز کیا تھا۔ 42 صفحات پر مشتمل فیصلے میں جج نے کہا کہ ایک لاکھ ڈالر کو خواہ کہا کچھ بھی جائے مگر یہ ٹیکس ہے اور ٹرمپ انتظامیہ کے پاس ایسا کوئی اختیار ہی نہیں کہ H1B ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر ٹیکس لگادیا جائے۔ ہوم لینڈ سیکوریٹی کے شعبہ نے عدالتی فیصلے کو ایکٹیوازم قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ H1B ویزا پروگرام کانگریس نے 1990 میں شروع کیا تھا، اس پروگرام کے تحت امریکہ میں قائم کمپنیاں مختلف شعبوں کے غیرملکی ماہرین کو امریکہ میں عارضی ملازمت دیتی ہیں جس کی مدت 6 سال تک ہوسکتی ہے۔ پروگرام کے تحت ملازمتیں دینے والے ادارے 1700 ڈالر سے 4500 ڈالر تک فیس جمع کراتے ہیں تاہم صدر ٹرمپ نے اسے بڑھا کر ایک لاکھ ڈالر کردیا تھا۔