ٹرمپ شراب نہیں پیتے لیکن شخصیت شرابیوں جیسی ہے : سوزی وائلز

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن : 18ڈسمبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلزنے ٹرمپ کو ‘شرابیوںجیسی شخصیت’ قراردے دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کے امریکی میگزین کو دیے گئے انٹرویوز سے تہلکہ مچ گیا ہے کیونکہ انہوں نے سلسلہ وار انٹرویوز میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے دوسرے دور صدارت کے ایجنڈے اور ان کے چند قریبی اتحادیوں کے بارے میں غیر معمولی طور پر صاف گوئی کا مظاہرہ کیا ہے۔انٹرویوز میں سوزی وائلز نے ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر کھل کر بات کی اورکہا کہ صدر کی شخصیت ایک شرابی جیسی ہے، حالانکہ ٹرمپ شراب نوشی سے پرہیز کے لیے مشہور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ ٹرمپ شراب نہیں پیتے لیکن ان کی شخصیت شرابیوں جیسی ہے۔انہوں نے صدر کی انتقامی سوچ کو بھی تسلیم کیا اور مانا کہ ان کے دوسرے دور کے کئی اقدامات بدلہ لینے کی خواہش سے متاثر تھے۔ انہوں نے مزید کہا میں نہیں سمجھتی کہ وہ صبح اٹھ کر بدلہ لینے کے بارے میں سوچتے ہیں لیکن جب موقع ملتا ہے تو وہ ضرور ایسا کوئی اقدام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اس سوچ کے ساتھ حکومت کرتے ہیں کہ ایسا کچھ بھی نہیں جو وہ نہ کر سکیں۔وائلز نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ٹرمپ وینزویلا میں کشتیوں پر بم حملوں کی مہم کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کے خواہاں تھے۔ انہوں نے ان متنازعہ امور کا بھی ذکر کیا جن میں ٹرمپ نے ان کے مشورے کو نظرانداز کیا جن میں ملک بدریاں اور معافیاں شامل ہیں۔ٹرمپ کی چیف آف اسٹاف نے نائب صدر جے ڈی وینس کو سازشی نظریات رکھنے والا اور ایلون مسک کو بک بک کرنے والی بطخ کہہ دیا۔دوسری جانب انٹرویوز کے حوالے سے سوزی وائلز کا کہنا ہیکہ میڈیا نے ان کے بعض الفاظ کو غلط انداز میں اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے سوزی کا دفاع کرتے ہوئے ان کے کام کی تعریف کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ ماضی میں سوزی کو طاقتور ترین شخصیت قرار دے چکے ہیں جو ایک فون کال کے ذریعے عالمی معاملات پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ایک علیحدہ بیان میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ٹرمپ کے پاس سوزی سے زیادہ کوئی بڑا یا زیادہ وفادار مشیر نہیں، پوری انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔