ٹرمپ نے رچرڈ گرینیل کو انٹلیجنس کا ڈائرکٹر نامزد کیا

,

   

واشنگٹن ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چہارشنبہ کو جرمنی کیلئے موجودہ امریکی سفیر رچرڈ گرینیل کو اپنا اعلیٰ سطحی انٹلیجنس مشیر مقرر کیا ہے جس کے فوری بعد ٹرمپ کو ایک بار پھر تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گرینیل کے بارے میںکہا جاتا ہیکہ وہ سیاسی طور پر بیحد بے باک انسان ہیں اور اپنی رائے اور موقف کا دوٹوک اظہار کردیتے ہیں۔ ایسے شخص کو اس حساس عہدہ پر فائز کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ گرینبل کو فی الحال عارضی طور پر قومی انٹلیجنس کا عبوری ڈائرکٹر نامزد کیا گیا ہے جس کا واضح مطلب یہ ہیکہ جب تک ٹرمپ انہیں مستقل طور پر عہدہ سونپ نہیں دیتے اس وقت تک انہیں (گرینیل) سینیٹ سے منظوری کے عمل سے گزرنا نہیں پڑے گا۔ گرینیل اپنے پیشرو جوزف میگائر کی جگہ لیں گے جو ایک ریٹائرڈ ایڈمرل ہیں اور عبوری ڈائرکٹر کے طور پر ان کی میعاد آئندہ ماہ ختم ہورہی ہے۔ اس موقع پر ٹرمپ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ گرینیل نے ملک کی بہترین نمائندگی کی ہے اور اب وہ (ٹرمپ) گرینیل کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر وہ جوزف میگائر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنے فرائض پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ڈائرکٹر آف نیشنل انٹلیجنس کو ہمیشہ DNI کے مخفف سے جانا جاتا ہے جن کا کام جاسوسی کو شعبہ کی نگرانی ہوتا ہے اور راست طور پر صدر کو جوابدہ ہوتے ہیں۔