ٹرمپ کا الیکشن میں شکست تسلیم نہ کرنا شرمناک : جوبائیڈن

,

   

واشنگٹن: امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے ڈونالڈ ٹرمپ کے شکست تسلیم نہ کرنے کو شرمناک قرار دے دیا۔امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن نے ٹرمپ کے شکست تسلیم نہ کرنے اور اقتدار کی ہموار منتقلی سے انکار کے بیان کو مسترد کردیا۔جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ یہ بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ ہم جیت گئے ہیں اور وہ ہار چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا انکار شرم ناک ہے لیکن اقتدار کی منتقلی کو کوئی نہیں روک سکتا اور تاریخ میں انہیں اچھی نظر سے نہیں دیکھا جائے گا ۔ٹرمپ بطور صدر اپنے پیچھے جو وراثت چھوڑ رہے ہیں وہ اچھی نہیں۔نومنتخب صدر نے کہا کہ ٹرمپ کے تعاون کے بغیر اقتدار کی منتقلی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور اور اسے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔جوبائیڈن نے ڈونالڈ ٹرمپ کو پیغام بھی دیا کہ صدر صاحب ہم آپ سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ جوبائیڈن نے عالمی قائدین کو بھی پیغام دیا کہ گیم میں واپس جارہے ہیں، امریکہ واپس آگیا ہے اور تنہا نہیں۔واضح رہے کہ امریکہ میں الیکشن کے حتمی نتائج کا اعلان 14 دسمبر کو ہوگا اور صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی کے اختتام پر جیت جائیں گے۔