خانگی سیکوریٹی ادارے میری حفاظت کیلئے مجھے خبردار کررہے ہیں ، ریپبلکن رکن کانگریس مارجری ٹیلر کا الزام
واشنگٹن، 16 نومبر (یو این آئی) ریپبلکن رکنِ کانگریس مارجری ٹیلر گرین نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آن لائن استعمال کی گئی سخت اور جارحانہ زبان نے ان کی زندگی کو خطرہ میں ڈال دیا ہے ، جس کے بعد انہیں دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مارجری ٹیلر گرین کے مطابق خانگی سیکیورٹی ادارے ان سے رابطہ کر کے ان کی حفاظت کے لیے خبردار کر رہے ہیں۔رائٹرز کے مطابق طویل عرصے تک ٹرمپ کی پرزور حمایت کرنے والی مارجری ٹیلر گرین نے حال ہی میں کئی معاملات پر صدر سے اختلاف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سخت اور جارحانہ زبان کی وجہ سے انہیں پہلے بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں اور ایسے افراد سزا بھی پا چکے ہیں جو اسی قسم کی زبان سے اشتعال میں آئے تھے ، اور اب یہی زبان امریکہ کے صدر کی طرف سے ان پر استعمال کی جا رہی ہے ۔مارجری ٹیلر گرین نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید کہا کہ وہ اپنی اور اہل خانہ کی حفاظت کیلئے محتاط ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے ۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر سخت حملہ کرتے ہوئے انہیں ‘پاگل’ اور ‘چلّاتی ہوئی دیوانی’ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ وہ ان کی کالز نہیں لیتے ، بعد میں انہوں نے مزید پوسٹس میں انہیں ‘کمزور رکنِ کانگریس’ ‘غدار اور ریپبلکن پارٹی کے لیے ‘شرمندگی’ قرار دیا۔ گرین نے جمعہ کو پہلے ردعمل میں کہا کہ ٹرمپ ان کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں اور دیگر ریپبلکن اراکین کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ اگلے ہفتہ ایوانِ نمائندگان میں جیفری ایپسٹین کے ریکارڈ جاری کرنے سے متعلق ووٹنگ ہونی ہے ، جیفری ایپسٹین ایک سزا یافتہ جنسی مجرم تھا اور 1990 اور 2000 کی دہائی میں ٹرمپ کا قریبی تھا، بعد میں دونوں کے تعلقات خراب ہوگئے تھے ۔ ہفتہ کو مارجری ٹیلر گرین نے کہا کہ اب انہیں کچھ حد تک اندازہ ہوا ہے کہ ایپسٹین کے متاثرین کن خوف اور دباؤ سے گزرتے تھے ۔ انہوں نے لکھا کہ ایک ریپبلکن ہونے کے ناتے ، جو زیادہ تر معاملات میں صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کی حمایت کرتی ہوں، ان کی یہ جارحیت اور آن لائن ٹرولز کا زہریلا رویہ میرے لیے حیران کن ہے ۔ ٹرمپ نے ایپسٹین کے معاملے کو ڈیموکریٹس کی جانب سے پھیلایا گیا ایک ‘ڈھونگ’ قرار دیا ہے ۔ ٹرمپ کے حامیوں کا آن لائن ردعمل نئی بات نہیں، دائیں بازو کے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور میڈیا سے وابستہ قدامت پسند اکثر ٹرمپ کے بیانیہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں اور ان کے ناقدین کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے مارجری ٹیلر گرین کی حمایت بھی واپس لے لی تھی اور کہا تھا کہ وہ صدر کے ایجنڈے پر حالیہ تنقید کی وجہ سے ایسا کر رہے ہیں۔