واشنگٹن۔19 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ صدارتی انتخاب کے باضابطہ اعلان سے قبل صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم لاکھوں افراد کو ملک بدر کرنے کی دھمکی دے دی۔امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے امریکی صدر نے اعلان کیا کہ ’امریکی امیگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ آئندہ ہفتے سے ان لاکھوں افراد کو بے دخل کرنے کا آغاز کرے گا جنہوں نے امریکہ آنے کے لیے غیر قانونی راستے اختیار کیے‘۔سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ جتنی تیزی سے آئے ہیں اتنی تیزی سے انہیں نکال دیا جائے گا‘۔اس ضمن میں امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر صدر امریکہ کی ٹوئٹس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ان اقدامات کی زد میں 10 لاکھ سے زائد افراد آئیں گے۔یہ وہ لوگ ہیں جنہیں فیڈرل ججس کی جانب سے بے دخلی کے حتمی نوٹس دیئے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ امریکہ میں مقیم ہیں۔غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی سے باخبر دیگر افراد کا کہنا تھا کہ مذکورہ آپریشن فوری طور پر نہیں ہوگا اور امیگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ کے عہدیداران کو معلوم نہیں تھا کہ امریکی صدر حساس قانون سازی کے بارے میں عوام کو ٹوئٹر پر بتادیں گے۔واضح رہے کہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے یہ بڑی غیر معمولی بات ہے کہ چھاپوں سے پہلے ان کا اعلان کردیا جائے۔