ٹرمپ کی مالی اعانت روکنے کے بعد مرکل نے ڈبلیو ایچ او کی حمایت کی

   

برلن 17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کو امریکی مالی امداد بند کئے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی ہیلتھ ایجنسی کو اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے ۔دائیچے ویلے نے جمعرات کے روز سرکاری ترجمان اسٹیفن سیبرٹ کے حوالے سے بتایا کہ محترمہ مرکل کے بیان میں وبا کو ختم کرنے کا واحد راستہ مضبوط بین الاقوامی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مسٹر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر کورونا وائرس کے انفکشن کو پھیلنے سے روکنے میں ناکام رہنے اور اس کے تعلق سے صحیح معلومات چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے 14اپریل کو اس کی مالی امداد روکنے کی ہدایت دی تھی۔امریکہ ڈبلیو ایچ او کو ہرسال 40سے 50کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرتا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ محترمہ مرکل کے علاوہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ، بہت سے امریکی سیاستدانوں ، چین جیسے ممالک اور اقوام متحدہ نے بھی ڈبلیو ایچ او کی حمایت کی ہے اور مسٹر ٹرمپ کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کیاہے ۔