ٹرمپ کے اعزاز میں صدرکووند کا ظہرانہ

   

کے سی آر 8 مدعو چیف منسٹرس میں شامل ، کجریوال نظرانداز
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووندکی جانب سے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ میں ملک بھر کی 8 ریاستوں کے چیف منسٹرکو مدعو کیا گیا ہے جن میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ واحد ایسے چیف منسٹر ہیں جو کبھی کھل کر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ نہیں رہے اور نہ ہی این ڈی اے کا حصہ رہے ہیںلیکن انہیں بھی مدعو کیا گیا ہے۔ مدعو چیف منسٹر س میں چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر ادھو ٹھاکرے ہیں جو مہارشٹرا میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد تک بھی این ڈی اے کا حصہ رہے ہیں۔ اسی طرح اڈیشہ کے چیف منسٹر نوئن پٹنائک ہیں جو کہ کئی مرتبہ این ڈی کا حصہ رہ چکے ہیں ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار بھی مدعوئین میں شامل ہیں جو کہ این ڈی اے کا حصہ ہیں ۔ چیف منسٹر تمل ٹاڈو ای کے پلانی سوامی بھی صدر جمہوریہ کی جانب سے راشٹر پتی بھون میں امریکی صدر کے اعزاز میں منعقد ہونے والے عشائیہ میں شرکت کریں گے وہ بھی این ڈی اے کا حصہ ہیں۔ ان کے علاوہ کرناٹک ‘ آسام اور ہریانہ کے وزرائے اعلی کو بھی مدعو کیا گیا ہے ج وکہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے چیف منسٹرس ہیں ۔چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ واحد ایسے چیف منسٹر ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہورہا ہے کہ وہ این ڈی اے میں شامل نہ ہوتے ہوئے اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے بہتر تعلقات نہ رکھتے ہوئے بھی 25 فروری کو صدر جمہوریہ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے عشائیہ میں شرکت کررہے ہیں جبکہ دارالحکومت دہلی میں موجود راشٹرپتی بھون میںڈونالڈ ٹرمپ کے اعزاز میں یہ عشائیہ منعقد کیا جا رہاہے لیکن چیف منسٹر دہلی مسٹر اروند کجریوال اس عشائیہ میں مدعو نہیں ہیں۔ اسی دن دوپہر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس ظہرانہ میں بھی محدود افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔صدر جمہوریہ کی جانب سے راشٹر پتی بھون میں منعقد کئے جانے والے اس عشائیہ میں ملک بھر کے صرف 8 وزرائے اعلی کو مدعو کئے جانے پر مختلف گوشوں کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا جارہاہے اور وزرائے اعلی کے انتخاب کے پیمانے پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں ۔