ٹرمپ کے درآمدی ڈیوٹی میں اضافے سے شیئر بازار میں گراوٹ

   

ممبئی، 7 اگست (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے ہندوستانی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی 25 فیصد بڑھاکر 50 فیصد کرنے کے بعد جمعرات کو مقامی شیئر بازاروں میں فروخت کا رجحان رہا۔ تادم تحریر بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس 399.46 پوائنٹس گر کر 80,144.53 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 50 130.60 پوائنٹس گر کر 24,443.60 پوائنٹس پر آگیا۔ نفٹی 24,387.55 پوائنٹس اور 24,464.20 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا۔ سینسیکس بھی ایک وقت میں 79,979.05 پوائنٹس کو چھونے کے بعد 80,421.84 پوائنٹس تک چلا گیا۔ ایچ ڈی ایف سی بینک اور آئی ٹی سی کو چھوڑ کر سینسیکس میں دیگر کمپنیوں کے شیئر گرے ۔ میٹل، فارما اور آئل اینڈ گیس گروپس کی کمپنیاں سب سے زیادہ دباؤ میں رہیں۔
سینسیکس میں اڈانی پورٹس 3 فیصد سے زیادہ گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہا تھا۔

ریلائنس نے سرکاری خزانے میں
2.19لاکھ کروڑ روپے جمع کئے
ممبئی 7 ،اگست (یواین آئی) ملک کے معروف صنعت کار مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز نے مالی سال 2024-25 کے دوران مختلف ٹیکسوں، لیویز، اسپیکٹرم چارجز اور دیگر اشیاء کے تحت سرکاری خزانے میں 210269 کروڑ روپے کا حصہ دیاہے ۔ جوگزشتہ مالی سال کے 186440 کروڑ روپے سے 12.8 فیصد زیادہ ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب قومی خزانے میں ریلائنس کا حصہ 2 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مالی سال 2020 سے مالی سال 2025 تک یعنی پچھلے چھ برس میں ریلائنس نے 10 لاکھ کروڑ سے زیادہ جمع کیے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ریلائنس وہ کمپنی ہے جو ملک کے خزانے میں سب سے زیادہ حصہ ادا کرتی ہے ۔ ریلائنس انڈسٹریز کی سالانہ رپورٹ میں کمپنی نے پچھلے 10 سال کا حساب بھی دیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے گزشتہ 10 سالوں میں اپنے شیئر ہولڈرز کو 5 گنا قیمت دی ہے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن گزشتہ 10 برسوں میں 5 گنا سے زیادہ بڑھ کر مالی سال 2024-25 میں 17,25,378 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے جو پہلے 338,703 کروڑ روپے تھی۔ کمپنی کی مجموعی آمدنی میں بھی 3.65 گنا اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ سالانہ خالص منافع مالی سال 2015-16 میں 29,861 کروڑ روپے سے 2.72 گنا بڑھ کر 81,309 کروڑ روپے ہو گیا ہے ۔