واشنگٹن ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس کے ایوان زیریں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی عملی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ڈیموکریٹ ارکان کی اکثریت والے اس ایوان نے اکثریتی رائے سے ٹرمپ کے مواخذے کی دونوں شقوں کی منظوری دے دی۔ اب صدر ٹرمپ کو اپنے خلاف پارلیمانی الزامات کا جواب دینا ہو گا۔ ان پر صدارتی اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی طرف سے یوکرائن اسکینڈل کی چھان بین کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزامات ہیں۔ امریکی آئین کے مطابق صدارتی مواخذے کا طریقہ بالکل واضح ہے۔ ایوان نمائندگان کے اس فیصلے کی پرواہ نہ کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس نے اسے ایک ’غیر آئینی ڈھونگ‘ قرار دیا ہے۔ امریکی تاریخ میں ڈونلڈ ٹرمپ اب ایسے صرف تیسرے صدر بن گئے ہیں، جن کے خلاف کانگریس نے مواخذے کی باقاعدہ کارروائی شروع کی۔