ٹروڈو کے طیارہ میں تخریب کاری یا تکنیکی خرابی؟

   

ٹورنٹو : کینیڈا کے وزیرِ دفاع بل بلیئر سے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے طیارے کو ہندوستان میں جان بوجھ کر خراب یا اس سے چھیڑ چھاڑ کرنے سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔ کینیڈا کے وزیرِ دفاع بل بلیئر سے میڈیا نمائندوں نے پوچھا کہ کیا وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ہندوستان کے دورے پر کینیڈا کے طیارے میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے تخریب کاری کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے۔ اس سوال پر وزیرِ دفاع بل بلیئر نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ بل بلیئر نے کہا کہ میں ان طیاروں کو تبدیل کرنے پر بھی توجہ مرکوز کر رہا ہوں کیونکہ ہم یہ قدم پہلے ہی اٹھا چکے تھے۔ اس موقع پر ایک رپورٹر نے پوچھا کہ لیکن آپ اس پر تبصرہ نہیں کر رہے کہ کیا کوئی ممکنہ تخریب کاری ہے؟ اس پر کینیڈین وزیر نے کہا کہ نہیں میں اس پر تبصرہ نہیں کر رہا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اس گفتگو کے 10 گھنٹے بعد ہاؤس آف کامنز کے باہر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ طیارے میں تکنیکی خرابی تھی، تخریب کاری نہیں تھی۔ اس سے قبل کینیڈین وزیرِ دفاع کے عملے سے بھی اس متعلق پوچھا گیا کہ کیا وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے طیارے کو ہندوستان میں سبوتاڑ کیا گیا تھا۔