ٹریفک چالان ڈسکاؤنٹ، تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع

   

حیدرآباد۔10 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے چہارشنبہ کو ٹریفک کے زیر التواء چالانات کی ڈسکاؤنٹ کے ساتھ ادائیگی کی تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع کردی ہے۔ چالانات کی ادائیگی پر عوام کے بہتر ردعمل کے پیش نظر تاریخ میں جاریہ ماہ کے اختتام تک توسیع کردی گئی ہے۔ ڈسکاؤنٹ کے ساتھ ٹریفک چالانات ادا کرنے کی 10 جنوری آخری تاریخ تھی۔ حکومت نے ٹی ایس آر ٹی سی بسیس کے لئے ٹریفک چالانات میں 90 فیصد، ٹو وہیلر اور تھری وہیلر کے لئے 80 فیصد اور لائٹ موٹر وہیکل ؍ ہیوی موٹر وہیکلس کیلئے زیر التواء چالانات میں 60 فیصد ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا ہے۔ آج آخری دن ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ پر زبردست ہجوم امڈ پڑا۔ بعض افراد نے ویب سائٹ کھلنے میں بھی مشکلات کی شکایت کی ہے ۔ ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر زیرالتوا ٹریفک چالانات کو ختم کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایاگیا ہے جس کی شہریوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔ریاست بھر میں 3کروڑ59لاکھ زیرالتواچالانات ہیں جن میں سے اب تک ایک کروڑ14لاکھ چالانات کی رقم اداکردی گئی۔حیدرآباد،سائبرآباد، رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹس کے حدود میں زیرالتواچالانات کی رقم کی ادائیگی سے 57کروڑروپئے کی رقم وصول کی گئی۔حکومت نے گذشتہ سال 26دسمبر سے چالانات پر رعایت کی شروعات کی تھی۔ سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے آن لائن چالان ادا کرنے والوں کو نشانہ بنانے کیلئے ایک نقلی ویب سائٹ بناتے ہوئے اسے انٹرنیٹ پر وائرل کردیا گیا جس کا پولیس نے فوری پتہ چلایا اور شہریوں سے خواہش کی کہ وہ ٹریفک پولیس کی حقیقی ویب سائٹ سے رجوع ہوتے ہوئے چالانات ادا کریں جس کی وجہ سے خاص طور پر ای سیوا اور می سیوا سنٹرس پر گاڑی سواروں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ اسی دوران پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ رعایت دینے کے باوجود بھی چالانات کی رقم ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔