ٹرینوں کی منسوخی ، مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس

   

45 یوم تک رقم لینے کی سہولت ، ٹکٹ کاونٹرس تک نہ پہونچنے کا مشورہ
حیدرآباد۔23مارچ(سیاست نیوز) وزارت ریلوے نے 31مارچ تک تمام ٹرینوں کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد اس بات کا اعلان کیا ہے کہ جن لوگوں کی ٹکٹ یا ٹرین تنسیخ ہوچکی ہے ان لوگوں کو اب اندرون 72 گھنٹے اپنی ٹکٹ کی رقم کو واپس حاصل کرنے کے لئے ریلوے ٹکٹ کاؤنٹر پر پہنچنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ 45دن تک اپنی ٹکٹ کی قیمت واپس حاصل کرسکتے ہیں اسی لئے انہیں ٹکٹ کی رقومات کے حصول کے لئے بھاگ دوڑ کرتے ہوئے ٹکٹ کاؤنٹر پہنچنے میں عجلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزار ت ریلوے ٹرینوں کی تنسیخ کے فیصلہ کے ساتھ ٹکٹ کی رقومات کی واپسی کی مدت جو 72گھنٹے ہوا کرتی تھی اس میں اضافہ کرتے ہوئے 45دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسافرین جن کے ٹکٹ یا ٹرین منسوخ ہوئے ہیں ان کے ٹکٹ کی قیمتوں کی واپسی میں کوئی دشواری نہ ہو اور مسافرین اس صورتحال سے پریشان نہ ہوں۔ وزارت ریلوے کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے بچانے کیلئے ٹرین خدمات کو 31مارچ تک مکمل بند کرنے کے فیصلہ کے بعد شہریوں میں پائی جانے والی تشویش اور ٹکٹوں کو منسوخ کرواتے ہوئے رقومات واپس حاصل کرنے والوںکی تعداد میں اچانک ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ 72گھنٹے کے اندر تنسیخ اور رقومات کی واپسی کی شرط میں راحت فراہم کرتے ہوئے انہیں 45دن تک کی مہلت فراہم کی جائے ۔ جو مسافرین اپنے ٹکٹ منسوخ کروانا نہیں چاہتے بلکہ ان کی جگہ نئی تواریخ پر سفر کرنے کے خواہشمند ہیں وہ اندرون 30 یوم ایسا کرسکتے ہیں اور انہیں یہ سہولت دستیاب رہے گی۔