ٹرین دہشت گردانہ واقعہ کے شہید کی بیوہ کے ساتھ حکومت کا بھونڈا مذاق

   

سرکاری ملازمت کے وعدہ سے حکومت کا انحراف ، آؤٹ سورسنگ پر آفس سب آرڈینیٹ کی ملازمت!

حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے جئے پور۔ممبئی ٹرین میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعہ میں شہید ہونے والے سید سیف الدین کے لواحقین کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا ہے ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے دو یوم قبل ایوان اسمبلی میں شہید نوجوان کی اہلیہ کو ان کی اہلیت کے مطابق سرکاری ملازمت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھا کہ اندرون 48 گھنٹے ان کی بیوہ کو سرکاری ملازمت فراہم کردی جائے گی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اندرون 24 گھنٹے سید سیف الدین کی بیوہ جو کہ تین معصوم بچوں کی ماں ہیں انہیں قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں آفس سب آرڈیننٹ کے عہدہ پرملازمت کی فراہمی کے احکامات جاری کئے گئے لیکن یہ ملازمت سرکاری ملازمت نہیں ہے اور نہ ہی کنٹراکٹ کے اساس پر فراہم کی گئی ملازمت ہے بلکہ وزارت بلدی نظم ونسق نے شہید کے خاندان کے ساتھ بھونڈا مذاق کرتے ہوئے انہیں سرکاری ملازمت کے نام پر آؤٹ سورسنگ پر ملازمت فراہم کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق شہید کی بیوہ کو سرکاری ملازمت فراہم کی جانی چاہئے تھی لیکن حکومت نے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں خاتون کو آؤٹ سورسنگ ملازمت فراہم کرتے ہوئے یہ باور کروانے کی کوشش کی ہے کہ حکومت نے اندرون 24گھنٹے اپنے اعلان پر عمل آوری کرچکی ہے جبکہ یہ سرکاری ملازمت نہیں بلکہ آؤٹ سورسنگ پر خدمات کے حصول کے احکام ہیں ۔آؤٹ سورسنگ ملازم کا مطلب بیرونی افراد کی خدمات حاصل کرنا ہوتا ہے یعنی انہیں سرکاری ملازمین کی طرح ان ملازمین کو فوائد حاصل نہیں ہوتے۔ ریاست تلنگانہ میں آؤٹ سورسنگ ملازمین اپنی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ملازمت آؤٹ سورسنگ ‘ بچوں کے نام پر ڈپازٹ کروائی گئی 6لاکھ کی رقم حکومت کی جانب سے نہیں فراہم کی گئی بلکہ یہ بھی بھارت راشٹر سمیتی کی جانب سے فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ ڈبل بیڈ روم فلیٹ کی فراہمی حکومت کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے فلیٹس میں الاٹ کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔