جلگاؤں ٹرین حادثہ کے مہلوکین میں ایک نابالغ اور دو خواتین سمیت چار نیپالی شہری شامل
نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ مہاراشٹرا میں ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کی وجہ سے کئی لوگوں کی جانیں جانے اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے حالات پیدا ہونے کے پیچھے کی وجوہات کی تحقیقات کرکے قصورواروں کو سخت سزا دی جانی چاہیے ۔راہول نے جمعرات کو کہاکہ مہاراشٹر کے جلگاؤں میں ہوئے ہولناک ٹرین حادثے میں کئی لوگوں کے ہلاک اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک اور پریشان کن ہے ۔ میں سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ زخمیوں کا بہترین علاج ممکن ہو۔انہوں نے کانگریس کارکنوں سے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں انتظامیہ کی مدد کرنے کی درخواست کی۔کانگریس لیڈر نے کہا، ‘‘آگ کی افواہ کیسے پھیلی اور اتنا خوفناک حادثہ کیسے ہوا اس بات کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے اور قصورواروں کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے ۔کانگریس نے بھی اپنے آفیشل پیج پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مہاراشٹر میں پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ سے کئی مسافروں کی موت کی خبر تکلیف دہ ہے ۔ خدا سے دعا ہے کہ وہ لواحقین کو صبر عطا کرے ۔ اس مشکل وقت میں کانگریس خاندان کی تعزیت سوگوار خاندان کے ساتھ ہے ۔ ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے ایک نابالغ لڑکا اور دو خواتین سمیت چارنیپالی شہری شامل ہیں۔ یہ حادثہ جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے ، بدھ کی شام 5 بجے کے قریب شمالی مہاراشٹر کے جلگاؤں ضلع کے پاچورہ شہر کے قریب مہیجی اور پردھاڈے اسٹیشنوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب پشپک ایکسپریس میں کسی مسافر نے زنجیر کھینچ دی، جس کے نتیجے میں ٹرین رک گئی۔ اس دوران کچھ مسافروں نے غلط فہمی میں ٹرین کے اندر آگ لگنے کا شبہ ہوا، چنگاریاں نکلنے اور دھوئیں کی افواہ پر خوفزدہ مسافروں نے قریبی ٹریک پر چھلانگ لگا دی، جہاں بنگلورو سے دہلی جانے والی کرناٹکا ایکسپریس تیزی سے گزر رہی تھی۔ کرناٹکا ایکسپریس کی زد میں آ کر 13 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔حکام کے مطابق مرنے والوں میں سے 8 کی شناخت ہو چکی ہے ، جن میں چار نیپالی شہری شامل ہیں۔ اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولیس دتاترایا کرالے نے میڈیا کو بتایا، 13 میں سے ، ہم نے اب تک آٹھ لاشوں کی شناخت کی ہے ، جن میں سے دو ان کے آدھار کارڈ سے ملے ہیں۔ ریلوے حکام اور مہاراشٹر حکومت نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے اور متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔