نئی دہلی 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی مبینہ مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 10 مرکزی ٹریڈ یونینوں کی طرف سے 8 اور 9 جنوری کو منائی جانے والی دو روزہ ہڑتال کی تائید میں بینک ملازمین کا ایک بڑا حصہ آج کام پر رجوع نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں ملک بھر میں بینکنگ سرگرمیاں بُری طرح متاثر ہوئیں۔ آل انڈیا بینک ایمپلائیز اسوسی ایشن (اے آئی بی ای اے) اور بینک ایمپلائیز فیڈریشن (بی ای ایف آئی) نے ہڑتال کی تائید کی ہے جس سے ان مقامات پر بینکنگ سرگرمیاں متاثر ہوئیں جہاں یہ دونوں یونینس طاقتور ہیں۔ تاہم ایس بی آئی اور خانگی شعبہ کی بینکوں کا کام بدستور غیر متاثر رہا کیوں کہ بینکنگ شعبہ کی دیگر سات یونینس ہڑتال میں شامل نہیں تھیں۔