ٹریکٹر چوری کا شبہ ‘ بہار میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل

   

انتہائی سردی کے باوجود ساری رات پٹائی گئی ۔ رحم کیلئے متوفی کی دہائی بے اثر

پٹنہ : بہار کے مظفر پور میں ایک شخص اس وقت ہلاک ہوگیا جب ایک ہجوم نے اسے انتہائی سردی کے باوجود ساری رات زد و کوب کیا ۔ اس پر چوری کرنے کا شبہ تھا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس شخص پر ٹریکٹر چوری کا الزام تھا ۔ ہجوم اسے پیٹتا رہا جبکہ وہ رحم کی بھیک مانگتا رہا ۔ پولیس کے بموجب اس واقعہ میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مظفرپور کے راج کھنڈ پنچایت کے یوگیہ گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ متوفی شخص کی شمبھو ساہنی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ وہ مزید تین افراد کے ساتھ تھا جو وہاں سے بچ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ شمبھو ساہنی کو پولیس نے دواخانہ منتقل کیا تاہم ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دیا ۔ جو تصاویر سامنے آئی ہیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ شخص زمین پر بے حس و حرکت پڑا ہوا ہے ۔ وہ ننگے پیر ہے اور اسے ایک آٹو سے رسی سے باندھ دیا گیا تھا ۔ اس کے ہاتھ سینے پر رکھے ہوئے ہیں اور وہ بھی بندھے ہوئے ہیں۔ کچھ لوگ اس سے کچھ فیٹ کے فاصلے پر کھڑے اپنے موبائیل فونس میں یہ منظر فلما رہے تھے ۔ گاوں والوں کے بموجب شمبھو اپنے تین دوستوں کے ساتھ ایک ٹریکٹر چوری کرنے آیا تھا ۔ گاوں والوں کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر مالک ایک بڑی آواز سن کر بیدار ہوگیا اور جب چوروں کا تعاقب کیا گیا تو تین فرار ہوگئے اور شمبھو کو پکڑ لیا گیا ۔ پولیس اسٹیشن انچارچ اورا پولیس مظفر پور ابھیجیت الکیش نے بتایا کہ اس نوجوان پر ٹریکٹر چوری کا الزام تھا اور ٹریکٹر مالک نے غیر سماجی عناصر کے ساتھ اسے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا ۔ ٹریکٹر مالک گنگا ساہنی اور اس کے بھانجے پکار ساہنی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں قتل کیس میں اصل ملزم بنایا گیا ہے ۔