کراچی ۔7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے بولنگ کوچ وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی ٹسٹ کرکٹ سے بے رخی روکے۔ سابق پاکستانی کپتان وقار یونس نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ پی سی بی کو کھلاڑیوں کو ٹسٹ کرکٹ چھوڑنے سے روکنا چاہئے۔ فاسٹ بولروں محمد عامر اور وہاب ریاض نے گزشتہ سال ٹسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی تاکہ وہ محدود اووورس کی کرکٹ پر زیادہ توجہ دے سکیں۔ان دونوں کے ٹسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اثر آسٹریلیا دورے میں دیکھنے کو ملا ، جہاں پاکستان کی بولنگ کمزور پڑگئی اور اسے ٹسٹ اور ٹی 20 سیریز دونوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وقار یونس نے کہا کہ یہ درست ہے کہ آپ کسی کو کچھ کرنے سے روک نہیں سکتے لیکن بورڈ کی ایک پالیسی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اسٹار کھلاڑی اچانک کوئی فارمیٹ چھوڑتا ہے ، تو اس کا ٹیم کو گہرا جھٹکا لگتا ہے۔ نئے کھلاڑی ٹیم کو فوری طور پر مضبوطی نہیں دے سکتے اور آسٹریلیا میں عامر اور وہاب کی غیر موجودگی میں یہ بات صاف دکھائی دی۔ اگر یہ دونوں کھلاڑی ٹیم میں رہتے تو ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو سکتی تھی۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان کو فاسٹ بولروںکا بڑا پول بنانا چاہئے ، تاکہ محدود شکل کی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کرکٹ کی وسعت ہوئی ہے ، اسے دیکھتے ہوئے آپ صرف چار پانچ فاسٹ بولروں کے بھروسے نہیں رہ سکتے۔ ٹسٹ کے لئے چار پانچ تجربہ کاربولروں کی ضرورت ہوتی ہے۔