ٹسٹ کرکٹ کی بھی کپتانی چھوڑنے ویراٹ کوہلی کا اعلان

,

   

نئی دہلی : ٹیم انڈیا نے ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں جنوبی افریقہ میں پہلا ٹسٹ جیتا تاہم دوسرے اور تیسرے ٹسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے بعد ویراٹ کوہلی نے آج ٹسٹ کپتانی بھی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 15 جنوری کی شام جاری ایک بیان میں انھوں نے اس ذمہ داری سے خود کو سبکدوش کرنے کی اطلاع دی۔ اس طرح ویراٹ کوہلی کی ’کپتانی باری‘ کا اب مکمل طور پر اختتام ہو گیا ہے۔ ٹی۔20 کرکٹ میں کپتانی وہ پہلے ہی چھوڑ چکے ہیں اور وَنڈے کی کپتانی سے بھی انھیں پہلے ہی ہٹا دیا گیا تھا۔اپنے بیان میں ویراٹ کوہلی نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہر چیز میں 120 فیصد تعاون دینا چا ہتے ہیں۔ انہوں نے پوری طرح یہ واضح کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ بے ایمانی نہیں کر سکتے۔ ویراٹ کا کہنا ہے کہ ’’ٹیم کو صحیح سمت میں لے جانے کے لیے انہوں نے 7 سال تک ہر دن سخت محنت کی۔ انہوں نے اپنا کام پوری ایمانداری کے ساتھ کیا اور اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہر چیز کو کسی نہ کسی موڑ پر رکنا ہی ہوتا ہے اور ٹسٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر میرے لیے رکنے کا یہی درست وقت ہے۔ اس پورے سفر کے دوران کئی نشیب و فراز بھی آئے، لیکن ان کی کوششوں اور بھروسے میں کبھی کوئی کمی نہیں آئی۔اپنے بیان میں ویراٹ نے بی سی سی آئی کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ اس نے اتنے طویل وقت تک مجھے اپنے ملک کی قیادت کرنے کا موقع دیا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ساتھیوں کا بھی شکریہ کیا جنھوں نے پہلے دن سے ہی ان کے ویژن پر بھروسہ کیا اور کسی بھی حالت میں ہتھیار نہیں ڈالے۔ آخر میں ویراٹ نے ایم ایس دھونی کا بہت زیادہ شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان پر ایک کپتان کی حیثیت سے بہت زیادہ بھروسہ کیا ہے۔ انھوں نے اس لائق سمجھا کہ میں ہندوستانی کرکٹ کو آگے لے کر جا سکتا ہوں۔‘