ٹمس کے قیام کو حکومت کی منظوری

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد : /6 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں ہفتہ کو ٹمس ایکٹ 2023 ء کی قانون سازی کے ذریعہ تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس (TIMS) کے قیام کو منظوری دی گئی ۔ اس بل سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے سوپر اسپیشیالیٹی میڈیکل سرویسیس میں موجودہ کمی کو پورا کرنے میں ٹمس کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں علاج کے بعد مریضوں کو اکثر سوپر اسپشیالیٹی علاج کیلئے نمس یا خانگی کارپوریٹ دواخانوں سے رجوع ہونا پڑتا ہے ۔ اس کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت نے نمس ، ورنگل ہیلت سٹی اور نمس ہاسپٹلس میں دس ہزار سوپر اسپیشیالیٹی بیڈس قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ جس سے ریاست کے عوام کو ضروری سوپر اسپیشیالیٹی خدمات کی فراہمی یقینی ہوگی ۔ ٹمس ایک خود مختار طبی ادارہ کے طور پر کام کریں گے ۔ مشہور انسٹی ٹیوشنس جیسے اے آئی آئی ایم ایس ، پی جی آئی چندی گڑھ ، آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم کی طرح ۔ اس خود مختاری سے یہ ادارے موثر فیصلے کرپائیں گے جس سے انسٹی ٹیوشنل ایجوکیشن اور میڈیکل سرویسیس میں تیزی کے ساتھ ترقی ہوگی ۔ اس انسٹی ٹیوٹ میں طبی سہولتوں کا ایک جامع رینج ہوگا ۔ بشمول 1000 بیڈ سوپر اسپیشیالیٹی ہاسپٹل جس میں قلب ، گردے ، جگر ، دماغ اور پھیپھڑوں کے لئے اسپیشیالائزڈ سیکشنس ہوں گے ۔ نیز ، ٹمس کی جانب سے 16 اسپیشیالیٹیز اور 15 سوپر اسپیشیالیٹیز میں میڈیکل تعلیم فراہم کی جائے گی اور اس میں سوپر اسپیشیالیٹیز میں پی جی کورسیس ، نرسنگ اور پیرا میڈیکل تعلیم ہوگی ۔ اس انسٹی ٹیوٹ میں 30 شعبے ہوں گے ۔