نیویارک : ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے چہارشنبہ کو پہلی بار اپنے کارکنوں کو ایک ای میل کی جس میں انہیں آئندہ درپیش مشکل وقت کیلئے تیاررہنے کو کہا اور گھر سے کام کرنے پر اس وقت تک پابندی لگادی جب تک کہ وہ ذاتی طور پر اس کی منظوری نہ دیں۔ میڈیا کے مطابق، جس نے یہ ای میل دیکھی ہے، مسک نے کہا ہیکہ اس پیغام کو میٹھے الفاظ میں کہنے کا کوئی طریقہ نہیں ہیکہ اقتصادی صورتحال کا جائزہ کیا کہتا ہے اور وہ اشتہارات پر انحصار کرنے والی کمپنی کو یہ کیسے متاثر کریگا۔انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر نافذ العمل ہونے والے نئے قواعد کے تحت ، ملازمین سے توقع کی جائے گی کہ وہ ہفتے میں کم از کم 40 گھنٹے دفتر میں کام کریں۔ مسک نے تقریباً دو ہفتوں سے ٹوئٹر کی قیادت سنبھالی ہے، اس عرصے میں انہوں نے اس کے تقریباً نصف عملے اور زیادہ تر ایگزیکٹو ز کو برطرف کر دیا ہے۔