کیاآپ نے کبھی سوچا کہ جب ٹوتھ پیسٹ آپ کے دانتوں کو صاف کرسکتا ہے تو گھر کی دوسری چیزوں کو جو مسلسل استعمال میں آ تی رہتی ہیں، کیوں صاف نہیں کرسکتا؟ ٹوتھ پیسٹ جادوئی طور پر داغ دھبے صاف کردیتا ہے ، کیوں کہ اسے تیار کرتے وقت اس میں ایسے اجزا شامل کیے جاتے ہیں، جو چیزوں کو صاف کرتے ہیں۔ ذیل میں ہم کچھ ایسی چیزوں کا ذکر کررہے ہیں،جو ٹوتھ پیسٹ سے صاف کی جاسکتی ہیں۔
چائے کا مگ : چائے اور کافی کے مگ مسلسل استعمال میں رہتے ہیں توانھیں کئی کئی بار دھونے سے بھی اندرونی دھبے دور نہیں ہوتے۔ بجائے اس کے کہ آپ کوئی تیز واشنگ پاؤڈر لیں، تھوڑا ساٹوتھ پیسٹ لے کر مگ کے اندرونی حصوں پر لگائیں اور رگڑیں، داغ دھبے فوراََ ہی صاف ہوجائیں گے، ٹوتھ پیسٹ سے آپ چاے کی میزبھی صاف کرسکتے ہیں۔ اس کے داغ دھبے منٹوں میں دور ہوجائیں گے۔
زیورات ، چھری ، چمچے اور کانٹے : چمچے، کانٹے اور چھریوں کو صاف کرنے کیلئے ایک کپڑے پر تھوڑا سا پیسٹ لگائیے۔ پھر اس کپڑے کو ان پر رگڑنے کے بعد دھو ڈالیے ، چمچے، کانٹے اور چھریاں چمک جائیں گی۔ زیورات کو صاف کرنے کیلئے برش پر ٹوتھ پیسٹ لگا کران پر رگڑیں اور دھوڈالیں۔
کریون کے دھبے : گھر میں چھوٹے بچے جب ڈرائنگ بناتے ہیں تو کریوں رنگوں کااستعمال کرتے ہیں۔پھر وہ ان کریوں سے دیواروں پر بھی تصاویربناتے ہیں۔ یہ تصویریں صابن لگانے سے صاف نہیں ہوتیں اور بدنما معلوم ہوتی ہیں۔ گھبرائیے نہیں۔ ایک کپڑے پر تھوڑا سا ٹوتھ پیسٹ لگا کردیوار پر بنی ہوئی تصویروں پر رگڑ دیں۔ تصویریں منتوں میں صاف ہوجائیں گی۔
بچوں کے دودھ کی بوتل : بچوں کو جن بوتلوں سے دودھ پلایاجاتا ہے، وہ عموماََ بودار ہوجاتی ہیں۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ برش پر ٹوتھ پیسٹ لگاکر بوتل کواندر سے صاف کیجیے۔ پھرگرم پانی سے دھوڈالیے ۔ بوتل کی بو جاتی رہے گی۔