ٹورسٹ بسوں کیلئے ایک ریاست ایک ٹیکس کی منصوبہ بندی

   

بسوں کے مالکین کیساتھ حکومت کے مذاکرات، کمشنر ٹرانسپورٹ الم برتھی کا خطاب
حیدرآباد۔2۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی ٹورسٹ بسوں کے لئے ’’ایک ریاست ‘ ایک ٹیکس‘‘ کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ ریاست میں فی الحال ضلع واری اساس پر ٹیکس وصول کیا جاتا تھا لیکن اب جبکہ اضلاع کا رقبہ چھوٹا ہوچکا ہے تو ایسی صورت میں ٹورسٹ بسوں کے لئے مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے لیکن اب حکومت نئے منصوبہ کے ساتھ ٹورسٹ بسوں کے مالکین کے ہمراہ مذاکرات کا آغاز کرچکی ہے اورکہا جارہاہے کہ جلد ہی اس سلسلہ میں قطعی پالیسی تیار کرتے ہوئے منظر عام پر لائی جائے گی۔ مسٹر الم برتھی آئی اے ایس ٹرنسپورٹ کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کے علاوہ ٹورسٹ بس آپریٹرس کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے نئے ٹیکس نظام کو روشناس کروانے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نئی ٹیکس پالیسی مرتب کرنے کے سلسلہ میں کی گئی وضاحت کے دوران یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ نئے ٹیکس نظام سے ’’ٹورسٹ بسوں‘‘ پر عائد کئے جانے والے ٹیکس سے کوئی اضافی بوجھ عائد نہیں ہوگا اور نہ ہی انہیں کسی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑے گا۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست تلنگانہ میں ایک یا دو اضلاع کے پرمٹ کے ساتھ چلائی جانے والی خانگی ٹورسٹ بسوں کے سبب ہونے والے مسائل کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر ٹورسٹ بس آپریٹرس نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے لیکن ریاست بھر کے لئے اضافی ٹیکس کی وصولی کے نظام سے مسائل اور ٹیکس کی رقومات میں ریکارڈ اضافہ کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے اس سلسلہ میں مجوزہ پالیسی میں واضح احکامات جاری کرنے کی خواہش کی۔بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے اور مشاورتی کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ہی کمشنر ٹرانسپورٹ نے محکمہ کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اس اجلاس کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے ٹورسٹ بس آپریٹرس سے مشاورت کا عمل شروع کیا ہے اور اس سلسلہ میں رپورٹ کی تیاری کے بعد حکومت اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرتے ہوئے نئی ٹیکس پالیسی کو منظوری دے گی۔3