ٹووہیلرس کیلئے آئندہ مارچ سےISI ہیلمیٹ کا لزوم

,

   

نئی دہلی۔ وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نے ٹو وہیلرس چلانے والوں کیلئے حفاظتی ہیلمیٹ کے تحت نئے قواعد کا اعلان کیا ہے جس پر یکم مارچ 2021ء سے عمل ہوگا۔ ہیلمیٹ کے ٹوٹنے کے کئی حادثات پر غور کرنے کے بعد قواعد پر نظرثانی کی گئی۔ نئے احکامات کے مطابق تمام ہیلمیٹس کیلئے بیورو آف انڈین اسٹانڈرڈس (بی آئی ایس) ایکٹ 2016ء کے تحت ISI کا نشان ہونا لازم ہے۔ یعنی تمام ہیلمیٹس کے لئے IS 4151:2015 کا نشان ہونا ضروری ہے۔ برآمد کی جانے والی ہیلمیٹس کو اس سے استثنیٰ ہوگا۔ وزارت نے عوام اور متعلقہ افراد سے نئے قواعد سے متعلق ان کی تجاویز اور مشورے طلب کئے ہیں جن پر آئندہ 30 دنوں میں غور کیا جائے گا۔ 1.2 کیلوگرام کے ہیلمیٹ پر عائد پابندی کو ہٹایا جارہا ہے جس سے ISI مارک کے ہیلمیٹ کے استعمال کی راہ ہموار ہوگی جن کا وزن ایک کیلو سے کم ہوگا۔ ملک میں ہر سال 3 لاکھ اموات حادثات میں ہوتی ہیں جن میں 12% اموات سڑک حادثات میں ہوتی ہیں۔ ہیلمیٹ کے نئے قواعد پر عمل آوری سے تمام ہیلمیٹس اعلیٰ معیار کی ہوں گی اور اس طرح سڑک حادثات میں اموات کی شرح کو کم کیا جاسکے گا۔