پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد فلم ’’ٹوٹل دھمال‘‘ کے فلمسازوں نے اس فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم کے مرکزی اداکار اجئے دیوگن نے ٹوئٹ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ’’ٹوٹل دھمال‘‘ کی ٹیم نے پاکستان میں اپنی اس فلم کو ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رتیش دیشمکھ نے بھی ایسا ہی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ٹوٹل دھمال کے فلمسازوں اور اداکاروں کے علاوہ پوری یونٹ نے اس حملہ میں شہید ہوئے جوانوں کے لواحقین کو 50 لاکھ روپیوں کی امداد بھی کی ہے۔ دھمال سیریز کی یہ تیسری فلم ہے جو ٹوٹل دھمال کے ٹائٹل سے بنائی گئی ہے جس کے پروڈیوسر اور ڈائرکٹر اندر کمار ہیں۔ فلم میں مادھوری ڈکشٹ، انیل کپور، اجئے دیوگن، رتیش دیشمکھ، ارشد وارثی، جاوید جعفری اور ایشا گپتا نے اہم کردار ادا کئے ہیں۔ یہ فلم 22 فروری کو ریلیز ہوئی ہے۔