ٹوکیو اولمپکس اگلے سال نہ ہوئے تو منسوخ کردیے جائیں گے

   

ٹوکیو۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) صدر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ٹوکیو اولمپکس اگلے سال نہ ہوئے تو منسوخ کردیے جائیں گے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس ایک سال کے لیے ملتوی کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کوسمجھتا ہوں،3 سے 5 ہزار لوگوں کو کمیٹی ملازم نہیں رکھ سکتی، ہر سال کھیلوں کے مقابلوں کا شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔صدر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار بھی نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گیمز کے انعقاد کے لیے کورونا سے پیدا صورتحال اور اقدامات کو بھی ذہن میں رکھنا ہے۔مزید کہا کہ ہر طرح سے جائزہ لیں گے کہ 23 جولائی 2021 کو گیمز شروع ہوسکتے ہیں یا نہیں۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث رواں سال ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا گیا۔ یہ گیمز23 جولائی سے 8 اگست 2021 کے دوران منعقد ہوں گے۔ خصوصی افراد کے پیرا اولمپک 24 اگست سے پانچ ستمبر تک ہوں گے۔اولمپک مقابلوں کی نئی تاریخ کا اعلان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی، انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی اور ٹوکیو 2020 ا?رگنائزنگ کمیٹی نے مشترکہ اعلامیے میں کیا۔ٹوکیو اولمپکس رواں سال 24 جولائی سے نو اگست تک جاپان میں مقرر تھے۔ تاہم کرونا وائرس کی وبا کے سبب انہیں گزشتہ ہفتے ایک سال تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ جاپان ان گیمز کے انعقاد کے لیے نہ صرف بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرچکا تھا بلکہ تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے۔کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مختلف ملکوں کے سربراہان نے یہ مقابلے ملتوی کرنے پر زور دیا تھا۔ کینیڈا نے سب سے پہلے اپنے ایتھلیٹس نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد دیگر ممالک نے بھی اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہ بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔