بنگلور : ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی کھلاڑی نونیت کور نے کہا ہے کہ ساتھیوں کھلاڑیوں میں دنیا کی کسی بھی طاقتور ٹیم کے خلاف شاندار مظاہرہ کرنے کی صلاحیتیں موجود ہیں اور ان میں اعصاب شکن لمحات میں بہتر فیصلے کرنے کی صلاحیتیں بھی موجود ہیں جس کا اسے ٹوکیو اولمپکس میں فائدہ ہوگا ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کی فارورڈر نونیت کور نے اولمپکس سے متعلق ٹیم کی تیاریوں اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف مثبت نتائج حاصل کرسکیں لیکن اہم موقعوں پر صحیح فیصلے کامیابی کیلئے کلید ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعصاب شکن لمحات میں پرسکون رہنا کلید ہوگا ۔کیونکہ یہی وہ مواقع ہوتے ہیں جہاں ٹیموں کے درمیان فرق دیکھا جاسکتا ہے ۔ 25 سالہ نونیت نے کہا کہ انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کو یہ واضح کردیا ہے کہ ان کا ٹیم میں کیا کردار ہے ۔ نونیت نے کہا کہ ٹیم کے کپتان اور کوچ نے سب پر یہ واضح کردیا ہے کہ کس کھلاڑیو کو کیا کرنا ہے اس کے بعد کھلاڑیوں میں الجھن باقی نہیں رہی اور ہم مقابلے کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ تال میل بہتر کررہے ہیں۔