حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز) ٹپہ چبوترہ کے علاقہ توپ خانہ کاروان میں کل رات دیر گئے اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں آکاش سنگھ نامی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی رات کرانتی اور اس کے ساتھیوں نے عمران کے مکان پہنچ کر آکاش سنگھ عرف چھوٹو سے اقدام قتل معاملہ کی یکسوئی کے بہانے بات چیت کی اور اسی دوران کرانتی نے اچانک ایک ریوالور سے آکاش سنگھ پر کئی راؤنڈز فائر کردیئے۔ اس واقعہ میں آکاش سنگھ برسر موقع ہلاک ہوگیا اور حملہ آور وہاں سے فرار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ آکاش سنگھ نے سابق میں کرانتی پر قاتلانہ حملہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جو عدالت میں زیر التواء ہے۔ اس معاملہ پر دونوں میں کشیدگی چل رہی تھی اور کرانتی نے اپنے ایک قریبی دوست عمران کو معاملہ کی یکسوئی کیلئے آکاش کو وہاں طلب کرنے کیلئے کہا۔ جیسے ہی آکاش سنگھ وہاں پہنچا اس پر اچانک فائرنگ کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ ویسٹ زون کرن کھرے نے بتایا کہ آکاش سنگھ پر کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی ہے۔ ٹپہ چبوترہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور دو افراد کو حراست میں لینے کی اطلاع ہے۔ب