ٹڈیوں کا خطرہ ، گرگاؤں اور دہلی میں چوکسی

,

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : دہلی اور اُس کے اطراف و اکناف کے علاقوں خاص طور پر گڑگاؤں میں ہفتے کی صبح بڑی تعداد میں ٹڈیوں کو دیکھا گیا۔ ہریانہ کے کئی علاقوں کے علاوہ گرگاؤں میں بھی ٹڈیوں کو بڑے علاقہ میں دیکھا گیا۔ گرگاؤں، دہلی کے علاوہ متصلہ اضلاع میں ٹڈی دل کے خطرہ کے پیش نظر سخت چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرگاؤں کے کئی رہائشی کامپلکس کو بھی ٹڈیوں نے گھیر لیا ہے۔ بلند و بالا عمارتوں میں رہنے والوں نے ٹڈیوں کے حملے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیا ہے۔ بڑی تعداد میں ٹڈیوں کے غول کے نتیجہ میں اندھیرا چھا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تقریباً دو کیلو میٹر تک ٹڈیوں کا غول احاطہ کئے ہوئے تھے۔ دہلی ۔ گرگاؤں سرحد پر ٹڈیوں کے غول کو دیکھا گیا جو تاحال دہلی میں داخل نہیں ہوئے۔ دہلی سے متصل اضلاع کے حکام نے ٹڈیوں کے حملہ کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ دہلی کے جنوب مغربی ضلع میں رہنے والوں کو ٹڈیوں کا مقابلہ کرنے کی چند دن قبل تربیت دی گئی تھی۔ ساؤتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بتایا کہ گزشتہ تین دن سے ٹڈیوں کے امکانی حملے سے عوام کو باخبر کیا گیا تھا اور اُن علاقوں میں ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔