ٹکٹ مہنگا ہے تو ’ہوائی سفر نہ کریں‘: سپریم کورٹ

   

نئی دہلی، 2 نومبر (ایجنسیز) ملک میں ہوائی سفر کے بڑھتے کرایوں کا معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا، جہاں بعض فضائی راستوں پر فلائٹ ٹکٹوں کے کرایوں میں 700 فیصد تک اضافہ کا دعویٰ کیا گیا۔ اس پر جسٹس وکرم ناتھ نے مختصر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ہوائی سفر نہ کریں‘ اور اس کے بعد اگلے مقدمہ کی سماعت شروع کردی۔ عدالت نے درخواست پر کوئی حکم جاری نہیں کیا۔ آج سپریم کورٹ میں ایک وکیل نے ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کے خلاف تشویش ظاہر کرکے کہا کہ بعض روٹس پر فضائی کرایوں میں 700 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ ہوائی سفر ایک ضروری سہولت بن چکا ہے اور اس کے کرایوں میں اس قدر اضافہ دستور کی دفعہ 14 کے تحت مساوات کے حق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فضائی کرایوں میں 700 فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور اسے ایک ضروری سروس سمجھا جانا چاہیے۔ تاہم جسٹس وکرم ناتھ نے اس دلیل پر مزید سماعت نہیں کی اور ریمارک دیا کہ ’’ہوائی سفر نہ کریں، اگلا مقدمہ پیش کریں۔‘‘ اس موقع پر درخواست کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی ۔