ٹک ٹاک ، امریکی صدر ٹرمپ کیخلاف قانونی کارروائی کی تیاری میں

,

   

بیجنگ۔ چینی ویڈیو ایپ ٹک ٹاک امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خود پر عائد کی گئی پابندیوں کے خلاف قانونی ایکشن کو لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ صدر ٹرمپ کے انتظامی حکم نامے کے تحت رواں برس ستمبر کے وسط سے ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کے ساتھ لین دین پر پابندی عائد ہو جائے گی۔ واشنگٹن میں حکام کو خدشہ ہے کہ کمپنی امریکی صارفین کے بارے میں ڈیٹا چینی حکومت کو فراہم کر سکتی ہے تاہم بائٹ ڈانس نے اس سے انکار کیا ہے۔ مختصر ویڈیوز کی اس ایپ کے صرف امریکہ میں ہی آٹھ کروڑ فعال صارفین موجود ہیں۔ ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ اس نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ تقریباً ایک سال تک مذاکرات کرنے کی کوشش کی ہے مگر ان کے ساتھ منصفانہ مرحلہ نہیں اپنایا گیا اور ان کا سامنا ایک ایسی انتظامیہ سے ہوا جو ‘حقائق پر چنداں توجہ’ نہیں دیتی۔ کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کے پاس عدالتی نظام کے ذریعے اس انتظامی حکم نامے کو چیلنج کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے اور ہماری کمپنی اور ہمارے صارفین کے ساتھ منصفانہ معاملات رہیں۔