ٹک ٹاک اور مائیکروسافٹ میں معاہدہ کیلئے 45 دن کا وقت

   

واشنگٹن: امریکی کمپنی مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ وہ چھوٹی ویڈیوز شیئر کرنے والی بین الاقوامی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے ساتھ ایپ خریدنے کے لیے مذاکرات جاری رکھے گی۔اس سے پہلے مائیکروسافٹ نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ وہ امریکہ میں ٹک ٹاک ایپ کو خریدنا چاہتی ہے۔جمعے کے روز امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چینی ایپ ٹک ٹاک کو ملک میں بند کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے ایک ہفتے کے اندر اندر ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ایپ پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔چینی سوشل میڈیا جائنٹ بائٹ ڈانس کی ملکیت ٹک ٹاک امریکہ سمیت دنیا بھر میں استعمال کی جاتی ہے۔ اسے لگ بھگ دو ارب دفعہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے جن میں 16 کروڑ سے زائد مرتبہ اسے امریکہ میں ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔امریکی حکام کو یہ خدشہ ہے کہ ‘ٹک ٹاک’ امریکی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے اور صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔ٹک ٹاک کی ملکیتی کمپنی ‘بائٹ ڈانس’ کا یہ مؤقف رہا ہے کہ وہ امریکی صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کرتی بلکہ یہ ڈیٹا امریکہ اور سنگاپور میں محفوظ کیا جاتا ہے۔